Pakistan Affairs

6/recent/ticker-posts

فلسطینی صدر نے امریکی نائب صدر سے ملاقات منسوخ کر دی

فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے متنازع فیصلے کے بعد نائب صدر مائیک پینس سے رواں ماہ کے آخرمیں متوقع ملاقات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق محمود عباس کے سیاسی مشیر ماجدی الخالدی کا کہنا تھا کہ 'فلسطین میں امریکا کے نائب صدر مائیک پینس سے کوئی ملاقات نہیں ہو گی'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'امریکا نے بیت المقدس کا فیصلہ کر کے تمام سرحدیں عبور کر لی ہیں'۔

دوسری جانب فلسطین میں امریکی فیصلے کے تیسرے روز بھی شدید احتجاج کیا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ عالمی برادری کی جانب سے بھی اس فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بھی برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت 5 یورپی ممالک نے امریکا کے فیصلے کی کھل کر مخالفت کی اور مشترکہ اعلامیے میں اس فیصلے کو سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔ مصر کے پوپ ٹواڈروز ٹو نے بھی مائیک پینس سے چرچ میں طے شدہ ملاقات کو ختم کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے استقبال سے گریز کا مقصد کروڑوں عربوں کے احساسات کے حوالے سے ٹرمپ کے ناکام فیصلے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔ خیال رہے کہ مصری پوپ کی جانب سے یہ فیصلے اس وقت سامنے آیا ہے جب مصر کے مشہور عالم اور جامعۃ الازہر کے سربراہ احمد الطیب کی جانب سے بیت المقدس کے حوالے سے امریکا کے غیر منصفانہ فیصلے کے خلاف بطور احتجاج امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات کو ختم کر دیا گیا تھا۔ ادھر فلسطین میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ واقعے میں غزہ میں شہری آبادی پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 2 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فلسطینی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے شہری علاقوں میں بمباری کی جس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے اور 25 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جس میں ایک 6 ماہ کا نو مولود بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے ہی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔
 

Post a Comment

0 Comments